Health Articles, Tips & Suggestions in Urdu

صحت مند زندگی گزارنے کے طریقے



Sardard Se Kaise Bachain

سر درد سے کیسے بچیں

       

   روز مرہ مسائل اور بے ہنگم لائف اسٹائل نے کچھ دیا ہو یا نہیں،سر درد ضرور دیا ہے اور اس کے قصور وار عموماً ہم خود ہی ہیں۔رات دیر تک جاگنا،وقت پر کھانا نہ کھانا،فکر و تشویش میں مبتلا رہنا اور ان جیسے دیگر کئی معاملات ہمارے سر درد کی وجہ بنتے ہیں۔سر درد کوئی مستقل بیماری نہیں بلکہ اکثر و بیشتر حالات میں یہ اندرونی خرابی کا پتہ دیتا ہے ،جس سے سیانا طبیب اصل مرض کو بھانپ لیتا ہے۔

اگر جسم کو ایک فوجی کیمپ تصور کیا جائے تو سر درد گویا پہرہ دار ہے اور کسی آنے والی خطر ناک بیماری کی خبر دیتا ہے اور ایک ماہر ڈاکٹر صحت کی حفاظت کے لئے اصل تکلیف کے تدارک میں مصروف ہو جاتا ہے ۔یہ درد محسوس تو سر میں ہوتا ہے لیکن تشخیص کے بعد پتہ چلتا ہے کہ اصل تکلیف کا سر چشمہ جسم کا کوئی اور حصہ ہے۔

سر درد کی وجوہات:
تفکرات سے چہرے اور ماتھے کے پٹھوں میں تناؤ بڑھ جانے سے سر درد ہوتا ہے۔

آنکھوں کی کمزوری،آنکھوں کی بیماریوں،کان،ناک، گلے اور دانتوں کی بیماریوں سے سر میں درد ہوتا ہے۔بہت زیادہ جذباتی ہونے،ذہنی جسمانی تھکاوٹ،غصہ،پریشانی،آنکھوں کے زیادہ تھک جانے،غذا میں بے احتیاطی اور بد ہضمی سے درد شقیقہ ( آدھے سر میں درد)ہوتا ہے۔دماغ کی شریانوں میں خون جمع ہونے سے سر درد ہوتا ہے۔بعض درد عارضی ہوتے ہیں، جو کم خوابی یا کسی ایسی جگہ رہنے سے جہاں تازہ ہوا نہ آسکے،لاحق ہو جاتے ہیں۔

بعض مرتبہ کسی خاص قسم کی غذا کھانے سے کوئی خاص قسم کی تکلیف شروع ہو جاتی ہے۔نظام ہضم میں نقص آجانے کی وجہ سے بھی سر درد شروع ہو جاتا ہے۔
عام طور پر سر درد میں لوگ مختلف قسم کے بام اور کریم لگاتے ہیں،جن کے لگانے سے محض وقتی سکون آتا ہے اور اس کی خوشبو سے دماغ سُن ہونا شروع ہو جاتا ہے اور یہ سمجھ لیا جاتا ہے کہ درد کا خاتمہ ہو گیا۔

ایسی کریمز اور بام دماغ کے خلیوں کو متاثر کرتے ہیں۔سر درد میں کسی بھی دوا کا استعمال کچھ دن تک تو فائدہ دیتا ہے لیکن اس کے بعد اس دوا کا اثر آہستہ آہستہ ختم ہونا شروع ہو جاتا ہے۔اس لئے کسی بھی درد خاص طور پر سر درد کے پیچھے چھپے محرک یا سبب کو ڈھونڈنا اور اس کا حل نکالنا نہایت ضروری ہے۔
سر درد سے بچنے کے مشورے:
بہت زیادہ محنت،ذہنی تفکرات،رات کو جاگنا اور چکنائی والی اشیاء سے پرہیز کرنا چاہیے۔
 

نیند لینے سے ہر قسم کے سر درد میں آرام ملتا ہے۔ اس لئے سر درد میں کوشش کرنی چاہیے کہ کسی پر سکون گوشے میں اپنی پسند کی خوشبو یا عطر لگا کر آرام کریں۔رات کو سوتے وقت پاؤں کے تلوؤں پر تیل کی مالش کرنے سے اچانک ہونے والا سر درد ٹھیک ہو جاتا ہے۔جو افراد پرانے سر درد کا شکار ہوں تو انھیں دن میں کسی بھی وقت سونف ضرور چبانی چاہیے۔زکام سے اگر سر درد ہو تو دونوں پاؤں گرم پانی میں رکھنے سے آرام آجاتا ہے۔

سر درد ہو تو چائے میں لیموں نچوڑ کر پینے سے فائدہ ہوتا ہے۔اگر سر درد گرمی کی وجہ سے ہو تو تربوز کا گودا ململ کے کپڑے میں ڈال کر نچوڑ لیں اور ایک گلاس میں محفوظ کر لیں،اس میں مصری ملا کر صبح نہار منہ پئیں۔اگر سر کا درد مستقل رہے تو فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں۔سردرد کے دورانیے اور تواتر سے ہونے کے بارے میں ڈاکٹر کو بتائیں تاکہ یہ عارضہ زیادہ دیر رہنے کے باعث پریشان کن نہ ہو جائے۔


Health Articles, Tips & Suggestions in Urdu

صحت مند زندگی گزارنے کے طریقے



Bhar Poor Neend Jildi Masail Ka Haal

بھر پور نیندجلدی مسائل کا حل




رات کو اچھی اور پُر سکون نیند صحت کے لیے بے حد ضروری ہے ۔اگر آپ روزانہ کم از کم 6گھنٹے کی بلا تعطل نیند لیتے ہیں، تو بہت سی بیماریوں اورمسائل سے بچے رہیں گے۔لیکن جو کوئی اچھی نیند نہ لے سکے،تو عموماً اسے تھکن،بوجھل پن،سر درد اور آنکھوں کے گرد سیاہ حلقوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
بیوٹی روٹین کی بات کی جائے تو نیند اس کے بنیادی لوازمات میں سے ایک ہے۔

جب آپ نیند لے رہی ہوتی ہیں تو آپ کے عضلاتی خلیوں کی مرمت ہورہی ہوتی ہے اور یہ تو صرف ایک فائدہ ہے ،نیند سے جڑے فائدوں کی ایک طویل فہرست ہے ،تاہم فی الحال ہم نیند اور خوبصورتی کے تعلق کو یہاں بیان کریں گے۔
روزانہ کتنی نیند ضروری ہے؟ہو سکتا ہے ہر ایک کا جواب مختلف ہو لیکن کم از کم 6سے8گھنٹے تک بغیر کسی رکاوٹ کے نیند لینا بہت اہم ہے۔

اگر آپ اس سے کم دورانیے کی نیند حاصل کررہی ہیں تو اس سے آپ کی ظاہری شخصیت پر اثرات پڑنے شروع ہو چکے ہوں گے۔سرٹیفائیڈسلیپ اسپیشلسٹ مائیکل برےئس کا کہنا ہے کہ اپنی موجودہ روٹین کی نیند میں ایک سے تین گھنٹے کا اضافہ کرلیں اور پھر دیکھیں کہ آپ کی شخصیت اور ظاہری خدوخال میں کس قدر بہتری کے آثار دکھائی دیتے ہیں۔اپنی نیند کی اس روٹین کو جاری رکھیں،دو سے تین ہفتوں میں لوگ آپ کے چہرے کی شگفتگی سے ہی پہچان لیں گے کہ آپ اچھی خاصی نیند لے رہی ہیں۔
ڈاکٹر برےئس کے مطابق نیند کے کچھ فوائد آپ کو بہتر اور بھر پور نیند لینے پر آمادہ کریں گے۔
جب آپ سوتی ہیں تو جلد کو لیجن (Collagen)نامی ایک مادہ بنا تا ہے ،جس کا کام جلد کو ڈھلنے سے روکنا اورعضلات کو آپس میں جوڑکر رکھنا ہوتا ہے۔نیویارک کی ایک ڈرما ٹولوجسٹ پیٹریشیا ویکسلر کے مطابق یہ مرمت سازی کا ایک عمل ہوتا ہے ۔جتنا زیادہ کولیجن پیدا ہو گا اتنی ہی زیادہ جلد گداز ہوگی اور جھریاں پڑنے کے امکانات کم ہوں گے۔
اگر آپ 6کے بجائے 5گھنٹے سوتی ہیں تو جھریوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔کم نیند لینے سے جلد خشک ہو تی ہے اور جھریاں زیادہ نمایاں ہونے لگتی ہیں۔
جب آپ سوتی ہیں تو آپ کے خون کا بہاؤ تیز ہوتا ہے جو جلد میں دمک لانے کا باعث بنتا ہے۔نیند نہیں لیں گی تو آپ کے رنگ وروپ کی دمک،جسے ہم کمپلیکشن کہتے ہیں،وہ بھی پھیکی پھیکی لگنے اور آپ کی جلد بے جان دکھائی دینے لگے گی۔
ڈاکٹر برےئس کے مطابق نیند سے محرومی جلد کو بے جان اور رُوکھا کر دے تو پھر آپ کا دل بھی آئینہ دیکھنے کو نہیں کرتا۔
حُسن کے معیار کا انحصار آنکھوں پر ہوتا ہے اور نیند پوری نہ ہونے کے نقصان میں سب سے اہم اور خوفناک آپ کی آنکھوں کے گرد حلقوں کا پڑنا ہے۔یہ ہلکے ہلکے آپ کی خوبصورتی کو ماند کرنے لگتے ہیں۔دراصل آپ کی نیند پوری نہ ہوتو سب سے پہلے آپ کی سوجی ہوئی آنکھیں ہی بتادیتی ہیں کہ نیند آپ سے روٹھی روٹھی رہتی ہے۔

نیویارک یونیورسٹی کے شعبہ ڈرما ٹولوجی کے پروفیسر ڈورس ڈے کے مطابق آپ اگر مناسب نیند لیں گی تو آپ کی آنکھیں سوجی نہیں رہیں گی،اس کیلئے رات کو سوتے وقت اچھی طرح پانی پئیں اور ایک اضافی تکیے پر سر رکھ کر سوئیں،اس سے آپ کی آنکھوں کی سوجن کم کرنے میں مدد ملے گی۔بھر پور نیند اور آرام آنکھوں کے گرد حلقوں کو کم کرتا ہے۔جب آپ کم نیند لیتی ہیں تو خون کا بہاؤ بہتر نہیں ہوتا اور یہ آپ کی آنکھوں کے نیچے جمع ہو سکتا ہے ،یہاں چونکہ جلد قدرے موٹی ہوتی ہے اس لئے حلقے فوراً نمایاں ہوجاتے ہیں۔

ڈاکٹر برےئس کے مطابق آنکھوں کے نیچے رنگت کا اڑنا موروثیت،عمر اور ملانندھوپ میں گھنٹوں بیٹھنے کی وجہ سے بھورے نشانات)کی وجہ سے ہو سکتا ہے لیکن اگر آپ بھر پور نیند نہیں لیں گی تو آپ کی آنکھوں کے گرد حلقوں کے مسائل اور بھی پیچیدہ ہو سکتے ہیں۔
پاؤلابیجو کہتی ہیں،”آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقوں میں کمی کے لیے ضروری ہے کہ آپ دن کے اوقات میں سن اسکرین لگانے کو اپنے معمولات میں شامل کرلیں۔
اگر آپ آنکھوں کے نیچے والی جلد کو محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ سیاہ حلقوں کو چھپانا چاہتی ہیں تو آپ SPFفارمولے والاکنسیلر(Concealer) استعمال کرسکتی ہیں“۔
کام کی بات یہ ہے کہ نیند کی کمی سیاہ حلقے پڑنے کی بنیادی وجوہات میں شامل نہیں ،تاہم اگر کسی کے سیاہ حلقے ہوں تو نیند کی کمی ان حلقوں کو مزید خراب کرنے میں اپنا حصہ ضرور ڈالتی ہے۔